ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: کیا جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر ناگیندرا نائک کی امیدواری یقینی ہے ؟

بھٹکل: کیا جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر ناگیندرا نائک کی امیدواری یقینی ہے ؟

Sun, 09 Apr 2023 16:33:45    S.O. News Service

بھٹکل،9/ اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل - ہوناور حلقہ سے جہاں کانگریسی امیدوار کے طور پر منکال وئیدیا کا نام قطعی طور پر طے ہوگیا ہے وہیں پر بی جے پی سے سنیل نائک کی قسمت گووندا نائک اور ایشور نائک کے درمیان پھنسی نظر آ رہی ہے جبکہ جنتا دل ایس سے مسلم امیدوار عنایت اللہ شاہ بندری کو ٹکٹ ملنے کے  امکانات اب تقریباً ختم ہوتے نظر آ رہے ہیں اور معروف ہائی کورٹ وکیل ناگیندرا نائک کے امکانات پوری طرح روشن ہوگئے ہیں ۔  کیونکہ بعض معتبر ذرائع کے مطابق خود کمارا سوامی نے ناگیندرا نائک کو فون کرکے بتایا ہے کہ بطور جے ڈی ایس امیدوار ان کا نام قطعی ہو چکا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان 14 یا 15 اپریل کو کیا جائے گا ۔
    
کمار سوامی نے کیا کہا تھا !:   خیال رہے کہ کمارا سوامی نے بھٹکل میں عام اجلاس کے دوران ہی کہا تھا کہ اگر مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے عنایت اللہ شاہ بندری کا نام پیش ہوتا ہے تو پھر یقینی طور پر انہیں ٹکٹ دیا جائے گا ۔ لیکن تنظیم نے ابھی تک جے ڈی ایس قائدین کو اپنے فیصلہ سے آگاہ نہیں کیا ہے کہ وہ جے ڈی ایس کی حمایت کرے گی یا نہیں جبکہ انتخابات کے لئے مشکل سے ایک ماہ باقی رہ گئے ہیں۔

English Report: Nagendra Naik likely to be the face of JDS candidate for Bhatkal constituency
      
کون ہے ناگیندرا نائک !: ناگیندرا نائک سرپن کٹہ بھٹکل کے رہنے والے ایک پاک و صاف کردار کے مالک شخص ہیں اور نامدھاری طبقہ سے تعلق رکھتے ہِیں ۔ اس وقت بنگلورو میں مقیم اور ہائی کورٹ کے وکیل ہیں۔ فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف بولتے اور لکھتے رہتے ہیں اور سماجی ہم آہنگی و بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لئے سرگرم رہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ریاستی اور مرکزی سطح پر فرقہ وارانہ لابی کے نشانے پر ہیں۔ اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ سپریم کورٹ کولیجیم کی طرف سے  جج کے منصب کے لئے ان کا نام کئی مرتبہ تجویز کیا جا چکا ہے اور ہر بار اسے مرکزی حکومت نظر انداز اور مسترد کر دیتی ہے ۔ 
    
کیا نتائج کا رخ بدل جائے گا؟ : اگر بھٹکل حلقہ سے ناگیندرا نائک کو جے ڈی ایس کا ٹکٹ ملتا ہے تو حلقہ میں موجود اکثریتی نامدھاری ووٹروں کی کثیر تعداد ان کے حق میں ووٹ دے سکتی ہے ۔ ابھی یہ سرگوشیاں بھی سنائی دے رہی ہیں کہ ناگیندرا کے حق میں نامدھاری طبقہ اجتماعی حمایت کا اعلان کرنے کے بارے میں بھی غور کر رہا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کے درمیان جو کانٹے کی ٹکر ہونے والی تھی، اس کا زاویہ بدل جائے گا اور ناگیندرا نائک کھیل کا رخ بدلنے والے یا گیم چینجر بن کر ابھرنے کے امکانات بہت زیادہ قوی ہوگئے ہیں۔ پھر یہ انتخاب تکونا اور سخت ترین مقابلہ ہوگا ۔ 
    
جنتا دل کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے : جنتا دل ایس کی طرف سے  اگر بھٹکل اسمبلی حلقہ میں ناگیندرا نائک کو ٹکٹ دیا جاتا ہے تو یہ فیصلہ بھی جنتا دل کی انتخابی کارکردگی میں مثبت نتائج کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ کمٹہ میں جے ڈی ایس نے نامدھاری طبقہ کے سورج نائک سونی کو ٹکٹ دیا ہے اور یلاپور میں بھی نامدھاری طبقہ سے تعلق رکھنے والے ناگیش نائک کاگل  کو جے ڈی ایس کا ٹکٹ ملنا یقینی ہوگیا ہے۔ اب اگر بھٹکل ہوناور حلقہ میں بھی ناگیندرا نائک کو جے ڈی ایس کا ٹکٹ مل جاتا ہے تو فطری بات ہے کہ ایک ہی پارٹی کی طرف سے ضلع میں تین تین امیدواروں کو ٹکٹ ملنے پر نامدھاری طبقہ کی اکثریت جنتا دل کی ممنون ہوگی اور اپنے طبقہ کو اہمیت دینے والی پارٹی کے لئے بڑی تعداد میں ووٹ پول کرنے اور نامدھاری امیدواروں کو جیت سے ہمکنار کرنے کی توقعات بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔


Share: